بلوچستان میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات، سکھ برادری خوش
پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان میں بھی سکھ برادری بابا گرو نانک کا 557واں جنم دن مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں سکھ برادری کے افراد مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔تقریبات کے موقع پر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے کہا کہ بابا گرو نانک کا جنم دن بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے مذہبی تہوار اور رسومات آزادی کے ساتھ ادا کرنے کے مواقع حاصل ہیں۔سکھ برادری کے افراد نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے اور بہترین انتظامات کرنے پر حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے مذہبی مقامات، ورثے اور عبادت گاہوں کی دیکھ بھال اور تحفظ کے لیے کیے جانے والے حکومتی اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر سکھ برادری نے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خلائی مہم کو ملک کے لیے باعثِ مسرت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خلاباز کی کامیابی پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے۔