ستاروں سے آگے، پاکستان کی سائنسی کامیابیوں پر خصوصی ڈاکومنٹری جاری

ستاروں سے آگے، پاکستان کی سائنسی کامیابیوں پر خصوصی ڈاکومنٹری جاری

Nov 26, 2026|ویب ڈیسک

 پاکستان کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کے سفر کو اجاگر کرنے والی خصوصی ڈاکومنٹری ستاروں سے آگے جاری کردی گئی ہے، جس میں قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک سائنسی میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیوں، قومی عزم اور محنت کی داستان پیش کی گئی ہے۔1947 میں پاکستان کے قیام سے شروع ہونے والا سائنسی سفر عزم، جدت، تحقیق اور مسلسل محنت کی ایک طویل جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے۔ ڈاکومنٹری میں ملک کی سائنسی ترقی کے اہم مراحل، نامور سائنس دانوں کی خدمات اور قومی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔اس خصوصی پیشکش میں بتایا گیا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان نے جوہری ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق سمیت اہم سائنسی شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ پاکستانی سائنس دانوں اور محققین کی کوششوں نے ملک کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ڈاکومنٹری میں پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے خلائی سفر کو بھی قومی سائنسی ترقی کے ایک اہم سنگ میل کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ وہ شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں سبز ہلالی پرچم کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی امنگوں اور نوجوان نسل کی امیدوں کی علامت بن رہے ہیں۔ڈاکومنٹری ستاروں سے آگے کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ مسلسل محنت، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور مضبوط عزم کے ذریعے پاکستان سائنس اور خلائی تحقیق کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرسکتا ہے۔