پاکستانی خلا باز کا تاریخی سفر، طلبہ خوشی سے جھوم اٹھے
پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر پر ملک بھر میں خوشی اور فخر کی لہر دوڑ گئی، خصوصاً تعلیمی اداروں میں طلبہ نے اس اہم موقع کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ پاکستانی خلا باز کی خلا میں روانگی کے مناظر مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں میں بڑی اسکرینوں پر دکھائے گئے، جہاں طلبہ و طالبات نے اپنے قومی ہیرو کو خلائی سفر پر جاتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر طلبہ خاصے پُرجوش دکھائی دیے اور انہوں نے تالیاں بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ بلوچستان، گوجرانوالہ، پشاور، سوات اور سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں تعلیمی اداروں کے طلبہ نے اس تاریخی کامیابی پر غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، جن میں مظفرآباد، کوٹلی، میرپور اور مشٹمبہ شامل ہیں، وہاں بھی طلبہ نے پاکستانی خلا باز کی خلائی روانگی پر جشن منایا اور اسے ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔طلبہ اور شہریوں کا کہنا تھا کہ محمد ذیشان علی کا یہ تاریخی کارنامہ نوجوان نسل کے لیے حوصلے اور تحریک کا ذریعہ ہے۔ ان کی کامیابی سے نئی نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں آگے بڑھنے اور بڑے خواب دیکھنے کا حوصلہ ملے گا۔