نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کا گوادر کا دورہ، اہم بریفنگ

نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کا گوادر کا دورہ، اہم بریفنگ

Nov 26, 2026|ویب ڈیسک

28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے گوادر کا دورہ کیا، جہاں انہیں علاقے کی جغرافیائی اہمیت، سیکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) گوادر نے وفد کا استقبال کیا۔دورے کے دوران شرکاء کو گوادر کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں اس کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ وفد کو بی ایس ڈی آئی، گرین پاکستان اقدامات، تعلیم، صحت اور پاک چین فرینڈشپ ہسپتال سمیت مختلف عوامی فلاحی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔شرکاء کو بتایا گیا کہ میرانی ڈیم کے ذریعے پانی کی ضروریات پوری کرنے، بجلی کی فراہمی بہتر بنانے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی اور ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے وفد کو بندرگاہ کی سرگرمیوں، جاری ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے گوادر کی معاشی اہمیت اور مستقبل میں ترقی کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔دورے کے دوران شرکاء نے پاکستان پوائنٹ، گوادر پورٹ اتھارٹی اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ وفد نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پھولوں کی چادر چڑھائی۔نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے گوادر کے قدرتی ساحلی حسن، سیاحت کے وسیع امکانات اور خطے میں امن و ترقی کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں خوش آئند قرار دیا۔