پہلے پاکستانی خلا باز کا تاریخی سفر، قوم خوشی اور فخر سے سرشار
پاکستانی عوام نے پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر کو پوری قوم کے لیے خوشی، فخر اور اعزاز کا لمحہ قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ ملک کے نوجوانوں کے لیے نئی امید اور حوصلے کا ذریعہ بھی بنے گی۔اس تاریخی موقع پر شہریوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد ذیشان علی کا خلائی سفر پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی کامیابی سے پاکستانی نوجوانوں کو یہ پیغام ملا ہے کہ عزم، محنت اور لگن کے ذریعے بڑے سے بڑا خواب حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔شہریوں کے مطابق پاک فضائیہ کی بلند پروازیوں سے خلا کی وسعتوں تک پہنچنے کا یہ سفر پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک نئی تحریک ثابت ہوگا۔ محمد ذیشان علی کی خلائی مہم اس بات کی علامت ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے کامیابی کے راستے کھلے ہیں اور کوئی بھی خواب ناممکن نہیں۔عوام نے اس کامیابی کو پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستی اور باہمی تعاون کی بھی علامت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں اور بین الاقوامی تعاون سے پاکستانی نوجوانوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے مزید مواقع میسر آسکتے ہیں۔ شہریوں نے اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔