بلوچستان حکومت کا انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے خلاف بڑا اقدام، اطلاع دینے والوں کے لیے کروڑوں روپے انعام کا اعلان
رحمان گل ، بشیر زیب سمیت دیگر اشتہاری دہشتگردوں کی اطلاع دینے والوں کے لئیے انعام کا اعلان بابر یوسفزئی معاون برائے داخلہ
کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے ان کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔جاری کردہ سرکاری اشتہار کے مطابق مختلف دہشتگردوں کے سروں پر 5 لاکھ روپے سے لے کر 25 کروڑ روپے تک انعام مقرر کیا گیا ہے۔ مطلوب افراد میں بشیر زیب اور رحمان گل سمیت متعدد دہشتگرد شامل ہیں، جن کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر حکومت بلوچستان کی جانب سے مقررہ انعامات ادا کیے جائیں گے۔اشتہار کے مطابق رحمان گل کے بارے میں اطلاع دینے پر 25 کروڑ روپے جبکہ بشیر زیب کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے پر بھی 25 کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح دیگر مطلوب افراد کے لیے بھی ان کی حیثیت کے مطابق بھاری انعامات رکھے گئے ہیں۔معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست اور ان کے سروں پر انعامات کا اعلان دہشتگردی کے خلاف جاری حکومتی اقدامات کا حصہ ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ مطلوب دہشتگردوں کے حوالے سے کسی بھی مستند اطلاع کی صورت میں حکومت بلوچستان کے متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اطلاع فراہم کرنے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی اور مستند معلومات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انعامات کی ادائیگی حکومت کے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائی اور بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔