بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 12 دہشت گرد ہلاک
معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے 4 اضلاع میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز کے دوران 12 دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری ثابت قدمی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی سرپرستی حاصل کرنے والے پاکستان مخالف عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیاں صوبے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔معاون برائے داخلہ بلوچستان نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے میں بدامنی پھیلانے اور شہریوں کو خوف زدہ کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں نے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلوچستان میں امن برقرار رکھنے، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔