معاشی اصلاحات کے ثمرات، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ گئی
پاکستان میں حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں، جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔ رواں مالی سال جولائی سے اکتوبر کے دوران براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کا حجم 936 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔معاشی اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ کمپنیوں کے مجموعی منافع میں 18 فیصد اضافہ ہوا تھا، جبکہ مالی سال 2027 کے ابتدائی 4 ماہ میں یہ شرح بڑھ کر 24 فیصد ہوگئی۔ اسی طرح غیر ملکی ملکیت رکھنے والی کمپنیوں کے منافع میں مالی سال 2026 کے دوران 26 فیصد جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران 1,035 غیر ملکی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی، جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں مزید 352 غیر ملکی کمپنیوں نے پاکستان میں کاروبار کے لیے اندراج کرایا۔رواں مالی سال کے دوران گوگل، علی بابا اور ترک پٹرولیم سمیت عالمی کمپنیوں نے پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دی، جبکہ ویون کمپنی کی سرمایہ کاری بھی دگنی ہوگئی۔ اس کے علاوہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری میں ترکیہ، چین اور سعودی عرب کی جانب سے نمایاں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔معدنیات کے شعبے میں بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ نومبر میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوران 13 معاہدے طے پائے، جن میں امریکا کی ایوان ہو اٹلانٹک، کینیڈا کی بیرک اور چین کی من میٹلز جیسی بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی دلچسپی ظاہر کی۔سرمایہ بازار میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مالی سال 2026 کے دوران گزشتہ 20 سال میں سب سے زیادہ 11 توسیعی ابتدائی عوامی پیشکشیں سامنے آئیں۔ دوسری جانب جولائی سے اکتوبر تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے موصول ہونے والی رقوم 1.1 ارب ڈالر جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔پاکستان کی جانب سے عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی بہتر پذیرائی حاصل ہونے کے اشارے ملے ہیں۔ ملک کے 250 ملین ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈ کو مقررہ حجم سے 5 گنا سے زیادہ جبکہ 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کو دگنی طلب موصول ہوئی۔ اس دوران عالمی کریڈٹ ریٹنگ اداروں ایس اینڈ پی، موڈیز اور فچ نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ بالترتیب بی، بی تھری اور بی مائنس پر مستحکم آؤٹ لک کے ساتھ برقرار رکھی۔مزید برآں پاکستانی روپے نے گزشتہ 2 سال کے دوران اپنی قدر میں استحکام برقرار رکھا، جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر اس کی قدر میں 2 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔معاشی ماہرین کے مطابق سرمایہ کاری، برآمدات، روزگار اور صنعتی سرگرمیوں میں بہتری کے لیے معاشی استحکام بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ حالیہ اعداد و شمار حکومتی معاشی پالیسیوں، توانائی کے اخراجات میں کمی اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کی کوششوں کے مثبت اثرات کی نشاندہی کرتے ہیں۔