پاکستان کا کینیا اور مالدیپ سے تجارتی تعاون بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت

پاکستان کا کینیا اور مالدیپ سے تجارتی تعاون بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت

Nov 27, 2026|ویب ڈیسک

فوڈ ایگرو پاکستان 2026 کے موقع پر پاکستان نے کینیا اور مالدیپ کے ساتھ تجارتی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم پیش رفت کی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی کمپنی آربی انٹرنیشنل نے کینیا کی کمپنی فانا انویسٹمنٹ کو 15 ہزار میٹرک ٹن چاول برآمد کرنے کے لیے 75 لاکھ ڈالر مالیت کا معاہدہ طے کرلیا ہے۔ اسے فوڈ ایگرو پاکستان 2026 کی نمائش کے دوران چاول کی برآمدات سے متعلق سب سے بڑا تجارتی معاہدہ قرار دیا جارہا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ایکسپو سینٹر میں مالدیپ کے وزیر سیاحت سے خصوصی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کے قیام اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور کاروباری شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار کو بھی سراہا گیا۔فوڈ ایگرو پاکستان 2026 پاکستان کی زرعی و غذائی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے، بین الاقوامی تجارتی روابط مضبوط بنانے اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا ہے۔