پاکستان کی زرعی برآمدات بڑھانے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری پر زور

پاکستان کی زرعی برآمدات بڑھانے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری پر زور

Nov 25, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد:وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے فوڈ ایگ پاکستان کے موقع پر یورپی، چینی اور ملائیشین کاروباری وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں زراعت، ڈیری، لائیو اسٹاک، ماہی گیری، فوڈ پروسیسنگ اور غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے یورپی اور چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور مقامی کاروباری اداروں کے ساتھ شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ زرعی ٹیکنالوجی، جدید فوڈ پروسیسنگ اور پیکیجنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ ویلیو ایڈڈ غذائی مصنوعات کی برآمدات کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔جام کمال خان نے جرمنی، فرانس، اٹلی، بیلجیئم اور نیدرلینڈز کے کاروباری نمائندوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں زرعی مشینری، جدید بیجوں کی ٹیکنالوجی، زرعی خدمات، ڈیری اور گوشت کی پروسیسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 25 کروڑ آبادی پر مشتمل پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک بڑی اور اہم منڈی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان سالانہ تقریباً 40 کروڑ امریکی ڈالر مالیت کا گوشت برآمد کر رہا ہے۔ لائیو اسٹاک، جانوروں کی صحت اور گوشت کی جدید پروسیسنگ میں سرمایہ کاری کے ذریعے خلیجی ممالک کے علاوہ مشرقی اور وسطی ایشیا کی منڈیوں کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت مزید بڑھائی جا سکتی ہے۔وزیر تجارت نے یورپی وفد کو حکومت کی جانب سے کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ ان میں درآمدی ڈیوٹیوں میں مرحلہ وار کمی، تجارتی ضوابط کو آسان بنانا اور سنگل ونڈو نظام کے ذریعے کاروباری سہولتوں میں اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ اور ایگزم بینک کے ذریعے برآمدی کریڈٹ انشورنس کی سہولتوں پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر یورپی یونین کے ساتھ جی ایس پی پلس کی سہولت سے متعلق مسلسل رابطے برقرار رکھنے کے پاکستانی عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔چین، ہانگ کانگ اور مکاؤ کے کاروباری نمائندوں سے ملاقات میں جام کمال خان نے چینی کمپنیوں کو پاکستانی کاروباری اداروں اور کسانوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور چینی کمپنیوں کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر فی ایکڑ زرعی پیداوار، مقامی سطح پر فوڈ پروسیسنگ اور برآمدات کے لیے دستیاب مصنوعات کی مقدار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق چاول کے بیجوں کے شعبے میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کے بعد مشینی کاشت کو فروغ دینا دوطرفہ زرعی شراکت داری کا اگلا اہم مرحلہ ثابت ہو سکتا ہے۔جام کمال خان نے فوڈ ایگ پاکستان میں مسلسل شرکت پر ملائیشین کاروباری وفد کا شکریہ ادا کیا اور ملائیشیا کے درآمد کنندگان کو پاکستانی چاول اور دیگر غذائی مصنوعات کی مستقل اور قابل اعتماد فراہمی کے لیے مقامی پیداوار کنندگان کے ساتھ براہ راست طویل مدتی کاروباری معاہدے کرنے کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی منڈیوں میں کامیابی کے لیے مسابقتی قیمتوں کے ساتھ مصنوعات کے معیار کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔ ملائیشین خریداروں اور پاکستانی پیداوار کنندگان کے درمیان براہ راست شراکت داری سے مقامی کاروباری اداروں کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق پیداوار بڑھانے اور پروسیسنگ کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ان ملاقاتوں میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل خان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے یورپی اور چینی وفود کو بتایا کہ فوڈ ایگ پاکستان میں تقریباً 400 پاکستانی نمائش کنندگان اپنی مصنوعات پیش کر رہے ہیں، جن میں زرعی خام مال سے لے کر تیار شدہ غذائی مصنوعات تک مختلف اشیا شامل ہیں۔رانا احسان افضل خان نے غیر ملکی کاروباری نمائندوں کو دعوت دی کہ وہ خریداری، تجارتی ضوابط اور کاروباری معاملات سے متعلق کسی بھی مشکل کی صورت میں پاکستان کے تجارتی و سرمایہ کاری افسران، وزارت تجارت یا ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان سے رابطہ کریں تاکہ ان کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔