پاکستان اور مالدیپ کا بحری تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور مالدیپ کا بحری تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

Nov 25, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد:پاکستان اور مالدیپ نے بحری تجارت کو فروغ دینے اور ماہی گیری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں مالدیپ کے وزیر سیاحت کی قیادت میں آنے والے وفد نے جنید انوار چوہدری سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی ٹونا مچھلی کی صنعت میں سرمایہ کاری، طبی سیاحت اور غذائی تحفظ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران جنید انوار چوہدری نے مالدیپ کو پاکستان کی ٹونا مچھلی کی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان نے پہلی مرتبہ ٹونا مچھلی کے لیے 25 ہزار میٹرک ٹن کا کوٹہ حاصل کیا ہے، جو ملکی ماہی گیری کی صنعت کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ مالدیپ کی سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون سے پاکستان کی ٹونا مچھلی کی پیداوار، پروسیسنگ اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بحری تجارت میں اضافے سے کاروباری تعلقات کو بھی نئی وسعت ملے گی۔جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مالدیپ طبی سیاحت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ ان شعبوں میں مشترکہ اقدامات سے دونوں ممالک کو باہمی تجربات اور دستیاب وسائل سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ملاقات میں بتایا گیا کہ پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد دسمبر میں مالدیپ کا دورہ کرے گا، جس کا مقصد دوطرفہ تعاون کو عملی شکل دینا اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے نئے امکانات تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس دورے سے قبل مشترکہ ورکنگ گروپ سفارشات مرتب کرنے میں مصروف ہے تاکہ مجوزہ منصوبوں اور تعاون کے لیے قابل عمل تجاویز تیار کی جا سکیں۔