امریکی صدر ٹرمپ کی بھارتی جارحیت پر پاکستان کے مؤقف کی تائید
واشنگٹن / نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی بلااشتعال جارحیت پر پاکستان کے اصولی اور جرات مندانہ مؤقف کی کھل کر تائید کرتے ہوئے نئی دہلی کے من گھڑت بیانیے اور فالس فلیگ ڈرامے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے بھارتی اشتعال انگیزی اور اس پر پاکستان کی جانب سے دیے گئے بھرپور جواب سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کے اہم بیان کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ بھارت نے من گھڑت بہانے تراش کر بلااشتعال جارحیت کی، جس پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ قیادت میں بہادر افواجِ پاکستان نے دشمن کو فوری اور منہ توڑ جواب دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے اعلیٰ جنگی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ایسا سبق سکھایا ہے جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔