ڈیرہ بگٹی: چیئرمین ضلع کونسل کے گھر پر حملہ ناکام، 13 دہشتگرد ہلاک
ڈیرہ بگٹی: بلوچستان کے علاقے بیہہ لوٹی میں چیئرمین ضلع کونسل وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کی رہائش گاہ پر دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا، فائرنگ کے شدید تبادلے اور تعاقب کے دوران 13 دہشت گرد مارے گئے۔
قبائلی ذرائع کے مطابق شہید فضل خان سب ڈویژن میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے قریبی ساتھی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے گھر کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی وڈیرہ ہدایت شمبھانی کی سربراہی میں بگٹی امن فورس نے فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے شرپسندوں کو گھیرے میں لے لیا۔ دونوں اطراف سے گزشتہ شب شروع ہونے والا فائرنگ کا تبادلہ علی الصبح تک جاری رہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امن فورس کے بھرپور جوابی وار پر دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم تعاقب کے دوران فورسز نے 13 حملہ آوروں کو جہنم واصل کر دیا۔ جھڑپ میں بگٹی امن فورس کا ایک جوان جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ تین زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ قبائلی ذرائع کے مطابق جوانوں کے بروقت اور بہادرانہ ردِعمل نے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ خاک میں ملا دیا۔