بھارت میں بلڈوزر مہم جاری، دہلی کی تاریخی مدینہ مسجد شہید

بھارت میں بلڈوزر مہم جاری، دہلی کی تاریخی مدینہ مسجد شہید

Sep 26, 2026|ویب ڈیسک

نئی دہلی: بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مبینہ ہندوتوا ایجنڈے کے تحت مسلمانوں کے خلاف امتیازی کارروائیوں اور تاریخی مسلم املاک کو منہدم کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

معروف ترک نشریاتی ادارے 'ٹی آر ٹی' کی رپورٹ کے مطابق بھارتی دارالحکومت دہلی کے علاقے شالیمار باغ میں واقع مدینہ مسجد کو رات کی تاریکی میں بلڈوزر چلا کر شہید کر دیا گیا۔ مقامی رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ عمارت کے اندر نمازیوں اور عام افراد کی موجودگی کے باوجود قابض انتظامیہ نے انتہائی عجلت میں انہدامی کارروائی کی، جس سے مسلمانوں میں شدید خوف و ہراس اور غم و غصہ پھیل گیا۔

دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے 'مسلم نیٹ ورک ٹی وی' کی ایک تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت بھر میں گزشتہ چھ سال کے دوران شروع کی گئی منظم بلڈوزر مہم کے تحت 2,100 سے زائد مسلم عبادت گاہوں، درگاہوں اور نجی عمارتوں کو نشانہ بنا کر زمین بوس کیا گیا۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سال 2020 کے دہلی فسادات کے دوران بھی کم از کم 17 مساجد، دینی مدارس اور مزارات پر پرتشدد حملے کر کے انہیں نذرِ آتش کیا گیا تھا، جس سے بھارت میں اقلیتوں اور بالخصوص مسلم مذہبی مقامات کے عدم تحفظ کی سنگین صورتحال واضح ہوتی ہے۔