دکی: تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ، گارڈ شہید، 18 مزدور اغوا

دکی: تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ، گارڈ شہید، 18 مزدور اغوا

Sep 26, 2026|ویب ڈیسک

دکی: بلوچستان کے ضلع دکی میں دہشت گردوں نے روڈ کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر بزدلانہ حملہ کر کے ایک سیکیورٹی گارڈ کو شہید جبکہ 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا ہے۔


ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے نانا صاحب زیارت کے علاقے میں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک گارڈ شہید اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ دہشت گرد کارروائی کے بعد کیمپ میں مقیم 18 محنت کشوں کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے گئے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں معاشی ترقی اور امن سبوتاژ کرنے کے لیے یہ مذموم کارروائی کی گئی ہے۔ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مغوی مزدوروں کی باحفاظت بازیابی اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔