پاک بحریہ کی بڑی کارروائی، 750 ملین ڈالر کی منشیات برآمد
Sep 26, 2026|ویب ڈیسک
راولپنڈی: پاک بحریہ کے جنگی جہازوں پی این ایس ’حنین‘ اور پی این ایس ’یرموک‘ نے بحیرہ عرب میں مشترکہ انسدادِ منشیات آپریشن کے دوران 2800 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالرز ہے۔ معمول کے گشت کے دوران دونوں جہازوں نے ایک مشکوک کشتی کو روک کر تلاشی لی، جس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی منشیات برآمد کر لی گئی۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کامیاب کارروائی پر دونوں جہازوں کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور چوکسی کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ سمندری حدود کے تحفظ اور غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔