پازیٹو پیس انڈیکس: افغانستان جنوبی ایشیا کا ناکام ترین ملک قرار

پازیٹو پیس انڈیکس: افغانستان جنوبی ایشیا کا ناکام ترین ملک قرار

Sep 26, 2026|ویب ڈیسک

سڈنی: آسٹریلیا کے معروف تھنک ٹینک 'انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس' کی تازہ ترین پازیٹو پیس رپورٹ 2026 نے افغان طالبان رجیم کی بدترین کارکردگی کا پردہ چاک کر دیا ہے، جس کے تحت افغانستان امن، طرزِ حکمرانی اور بنیادی آزادیوں کے سنگین ترین بحران سے دوچار ہو کر جنوبی ایشیا کا سب سے ناکام ملک بن چکا ہے۔

تھنک ٹینک کی جانب سے جاری کردہ پازیٹو پیس انڈیکس 2026 کے مطابق، مجموعی درجہ بندی میں افغانستان 163 ممالک کی فہرست میں 157 ویں نمبر پر آگیا ہے، جس کے بعد اس کا شمار دنیا کے پسماندہ ترین ممالک میں ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ انڈیکس میں 3.3 فیصد کی واضح تنزلی کے بعد افغانستان گزشتہ ایک دہائی کے دوران خطے کا واحد شدید ترین ناکام ملک ثابت ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ دورِ حکومت میں میڈیا اور صحافتی آزادی کو بے مثال دھچکا پہنچا ہے، جہاں آزادیِ صحافت میں 78.8 فیصد کی تاریخی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس ریکارڈ تنزلی کے ساتھ ہی افغانستان آزادیِ صحافت اور اظہارِ رائے کے اعتبار سے بھی جنوبی ایشیا کا بدترین ملک قرار پایا ہے۔