پاکستان اور روس کا 2030 تک تجارت 5 ارب ڈالر بڑھانے کا ہدف مقرر
پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو میں اختتام پذیر ہوگیا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔ اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے۔اجلاس میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ مستقبل میں تعاون کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی۔ شرکا نے گزشتہ اجلاس میں طے پانے والے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ کمیشن کا 10واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر غور کیا۔ اس موقع پر منڈیوں تک رسائی میں اضافے، سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔پاکستان اور روس نے تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ادارہ جاتی روابط برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ اقدامات کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کیا جائے گا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک مستقبل میں بامقصد اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔