شہباز شریف کا سائبر کرائم ایجنسی کو جدید سائبر پولیس بنانے کا فیصلہ

شہباز شریف کا سائبر کرائم ایجنسی کو جدید سائبر پولیس بنانے کا فیصلہ

Nov 25, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کا عمل تیز کرنے اور ادارے کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کا نظام جدید تقاضوں کے مطابق بنایا جائے تاکہ عوام کو آن لائن جرائم سے مؤثر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔وزیراعظم کی زیر صدارت این سی سی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے، مستقبل کی حکمت عملی اور اصلاحاتی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ شہریوں کو سائبر جرائم سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے ایجنسی کو ایک فعال، مؤثر اور جدید ادارہ بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ این سی سی آئی اے کے مرکزی دفتر اور تمام ذیلی دفاتر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین تعینات کیے جائیں۔ انہوں نے ادارے میں میرٹ کی بنیاد پر بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کی خدمات حاصل کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو خصوصی اہمیت دینے پر زور دیا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی استعداد کار بڑھانے کے ساتھ تحقیقات کے طریقہ کار کو بھی جدید بنایا جائے تاکہ شہریوں کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔اجلاس میں این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کردہ اصلاحاتی سفارشات کا مزید جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم نے وفاقی وزرا محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی کو رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کے ایک جدید ادارے پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس میں میرٹ کی بنیاد پر اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل افسران اور ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ قومی سلامتی سے متعلق سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے جبکہ موجودہ انتظامی ڈھانچے کے تحت سائبر کرائم کے مقدمات حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔