قطر کے ساتھ زرعی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے قطر کے معروف بلدنا گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان زرعی تجارت، لائیو اسٹاک، ڈیری مصنوعات اور مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ زرعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق ملکی مجموعی قومی پیداوار میں زراعت کا حصہ تقریباً 24 فیصد ہے جبکہ زرعی شعبے میں لائیو اسٹاک کا تناسب 60 فیصد سے زیادہ ہے۔ پاکستان قطر کو جانوروں کی خوراک کی برآمدات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے مکئی، سویابین اور مختلف اقسام کے چارے کی برآمدات میں نمایاں امکانات موجود ہیں۔ پاکستان اپنی پیداواری صلاحیت کے ذریعے مشرق وسطیٰ کو جانوروں کی خوراک فراہم کرنے کا ایک اہم مرکز بن سکتا ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی شراکت داری سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ زرعی منصوبے شروع کرنا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں جدید ڈیری اور لائیو اسٹاک فارمنگ کے منصوبوں کے علاوہ دودھ، پنیر اور ملک پاؤڈر کی تیاری کے شعبوں میں قطری سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جدید مذبح خانوں کے قیام اور گوشت کی پروسیسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بھی خاطر خواہ مواقع موجود ہیں۔ ملک حلال گوشت اور ڈیری مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بدلتے ہوئے حالات کے باعث زرعی تجارت کے نئے امکانات سامنے آ رہے ہیں، جن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان قطر کو اعلیٰ معیار کے پاکستانی چاول کی برآمدات میں بھی اضافہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قطر کے سرمایہ کاروں کے تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔