ذیشان علی کی خلائی روانگی پر لاہور میں طلبہ کا جشن

ذیشان علی کی خلائی روانگی پر لاہور میں طلبہ کا جشن

Nov 25, 2026|ویب ڈیسک

لاہور : پاکستان کے خلا باز محمد ذیشان علی کی تاریخی خلائی روانگی پر لاہور بھر کے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان زندہ باد اور پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے۔پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن میں شرکت کو طلبہ نے ملک کے لیے ایک بڑی کامیابی اور قابل فخر لمحہ قرار دیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں طلبہ نے اس تاریخی پیش رفت پر خوشی منائی اور پاکستان کی اس کامیابی پر قوم اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔طلبہ کا کہنا تھا کہ محمد ذیشان علی کی خلائی سفر میں شرکت پاکستانی نوجوانوں کے لیے عزم، حوصلے اور بلند خوابوں کی ایک روشن مثال ہے۔ اس کامیابی سے نئی نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ اہم پیش رفت ملک کے لیے باعث فخر ہے اور اس نے نوجوانوں میں قومی جذبے اور مستقبل کے حوالے سے نئی امید پیدا کی ہے۔