لاہور کے طلبہ کی ذیشان علی کے خلائی سفر کیلئے نیک تمنائیں
لاہور : پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر پر لاہور کے طلبہ و طالبات نے خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات اور کامیاب مشن کی دعاؤں کا پیغام دیا ہے۔ طلبہ نے خلائی مشن میں پاکستانی خلا باز کی شرکت کو پوری قوم کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا کہنا تھا کہ محمد ذیشان علی کا خلا کی جانب سفر پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ ہے، جس سے ملک کے نوجوانوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔طلبہ نے کہا کہ اس مشن کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کے لیے خلائی تحقیق کے نئے امکانات سامنے آئے ہیں اور پوری قوم اس اہم مہم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔ انہوں نے پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو اور دیرینہ دوست ملک چین کو بھی اس کامیاب پیش رفت پر مبارک باد پیش کی۔اس موقع پر طلبہ و طالبات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شین ژو 24 مشن کے تمام خلا بازوں کو اپنی حفاظت میں رکھے اور وہ کامیابی کے ساتھ اپنا سفر مکمل کرکے بحفاظت زمین پر واپس پہنچیں۔طلبہ کا مزید کہنا تھا کہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی دعائیں محمد ذیشان علی سمیت مشن کے تمام ارکان کے ساتھ ہیں اور پوری قوم اس تاریخی خلائی سفر کی کامیابی کی منتظر ہے۔