سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے آئی ایف سی کی 100 ملین ڈالر سرمایہ کاری سہولت پر معاہدہ

سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے آئی ایف سی کی 100 ملین ڈالر سرمایہ کاری سہولت پر معاہدہ

Nov 25, 2026|ویب ڈیسک

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، سرکاری و نجی شراکت داری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سندھ حکومت اور آئی ایف سی کے درمیان 100 ملین ڈالر تک کی مجوزہ جزوی کریڈٹ گارنٹی سہولت کے لیے مینڈیٹ معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔آئی ایف سی کے وفد کی قیادت مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، ترکیہ، پاکستان اور افغانستان کے ریجنل نائب صدر عمران نجیب فخوری نے کی۔ وفد میں آئی ایف سی پاکستان کے ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز، ناز خان، معظم میمن، سحر اعتزاز اور عائشہ شکیل شامل تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزرا جام خان شورو اور سعید غنی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ اصغر میمن اور سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اسد ضامن نے بھی شرکت کی۔معاہدے پر سیکریٹری خزانہ محمد اصغر میمن، سندھ پی پی پی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اسد ضامن اور آئی ایف سی کے ڈویژن ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز نے دستخط کیے۔ مجوزہ 100 ملین ڈالر کی کریڈٹ گارنٹی سہولت کا بنیادی مقصد منتخب سرکاری و نجی شراکت داری کے منصوبوں کو سرمایہ کاری کے لیے زیادہ موزوں بنانا اور مالی وسائل تک رسائی آسان بنانا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس سہولت سے قرض فراہم کرنے والے مالیاتی اداروں کا اعتماد بڑھے گا اور صوبے میں نجی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس مالیاتی طریقہ کار کے ذریعے روایتی حکومتی ضمانتوں پر انحصار کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت معاشی ترقی، عوامی خدمات کی بہتری اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے نجی شعبے کی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ حکومت ایسا مالیاتی ماحول تشکیل دینا چاہتی ہے جہاں قابل عمل ترقیاتی منصوبوں کے لیے مسابقتی شرائط پر نجی سرمایہ حاصل کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں، تجارتی بینکوں اور نجی سرمایہ کاروں کو صوبے کے ترقیاتی عمل میں شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایف سی کا بین الاقوامی تجربہ منصوبوں کی مالیاتی تشکیل، سرمایہ کاری کے خطرات کی مناسب تقسیم اور شفافیت بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ادارے سندھ میں جاری سرکاری و نجی شراکت داری کے منصوبوں میں سے 2 سے 3 ترجیحی منصوبوں کا انتخاب کریں، جن کی تیاری، فزیبلٹی، مالیاتی ڈھانچے اور ممکنہ سرمایہ کاروں سے رابطوں کے لیے آئی ایف سی کی خدمات حاصل کی جائیں۔اجلاس میں پہلے سے جاری منصوبوں کا جائزہ لینے اور ضرورت کے مطابق ان کی مالیاتی تنظیم نو کے لیے بھی آئی ایف سی کے تعاون کی تجویز پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ صنعت، زراعت، مالیاتی شمولیت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ مجوزہ کریڈٹ گارنٹی سہولت منتخب منصوبوں کے لیے قرض فراہم کرنے والے اداروں کو مالیاتی تحفظ فراہم کرے گی۔ اس کے تحت متعلقہ رعایتی معاہدوں کی مخصوص شرائط کے مطابق حکومت کی قرضوں کی ادائیگی سے متعلق ذمہ داریوں کا احاطہ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ کریڈٹ گارنٹی کی سالانہ فیس ابتدائی طور پر تجویز کردہ 2 فیصد سے کم کرکے 1.6 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سہولت کی زیادہ سے زیادہ مدت 12 سال ہوگی، جس میں ڈھائی سال تک کی دستیابی کی مدت بھی شامل ہے۔ ہر منصوبے کے لیے ضمانت کی رقم اور اس کا دائرہ کار آئی ایف سی کی جانچ پڑتال کے بعد طے کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق آئی ایف سی مجوزہ منصوبوں کا تکنیکی، معاشی، مالیاتی، ماحولیاتی، سماجی اور قانونی پہلوؤں سے تفصیلی جائزہ لے گا تاکہ سرمایہ کاری سے قبل تمام ضروری امور کا تعین کیا جا سکے۔اس موقع پر عمران نجیب فخوری نے سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری و نجی شراکت داری کے نظام کو وسعت دینے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ایف سی صوبے کے ساتھ تعاون بڑھانے اور نجی سرمایہ کاری کے منصوبوں کی تیاری میں معاونت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کا عالمی تجربہ اور مالیاتی مہارت سندھ کی ترقیاتی ترجیحات کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔سید مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کے لیے مکمل ادارہ جاتی تعاون فراہم کرے گی۔ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمپنی کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے گی تاکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو عملی شکل دی جا سکے۔