پاکستان اور چین کا توانائی منصوبوں پر فوری پیش رفت کا فیصلہ

پاکستان اور چین کا توانائی منصوبوں پر فوری پیش رفت کا فیصلہ

Nov 25, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان اور چین نے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور ایل پی جی پلانٹ، ذخیرہ کرنے کی سہولیات، ٹرمینلز اور پیٹرول کی درآمد سے متعلق اہم منصوبوں پر فوری عمل درآمد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مشترکہ تجارتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جو مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ سرمایہ کاری کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، توانائی کے جاری منصوبوں اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو چین کے تاریخی شینژو 24 خلائی مشن میں شرکت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی پوری پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر ہے۔مذاکرات میں پاکستان اور چین کے درمیان ایل پی جی پلانٹ، ذخیرہ کرنے کے مراکز اور ٹرمینل سہولیات کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں ایل پی جی کی مقامی فراہمی بہتر بنانے اور ممکنہ قلت پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت کو عملی منصوبوں اور صنعتی ترقی میں تبدیل کیا جائے۔ پاکستان اور چین نے پیٹرول کی درآمد، ذخیرہ کرنے اور ترسیل کے انتظامات میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ملاقات میں چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان اسٹیٹ آئل کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ کرنے کے مراکز، ٹرمینلز اور توانائی کے دیگر بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے 2026 کے اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے پیش کی گئی ترجیحات پاکستان اور چین کے درمیان توانائی کے شعبے میں مضبوط شراکت داری کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہیں۔اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے طے شدہ منصوبوں پر عملی پیش رفت تیز کی جائے گی۔