فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا۔تربت آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر انہیں بلوچستان میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب کارروائیوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ انہیں بلوچستان کے عوام کے لیے جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔فوجی جوانوں سے ملاقات کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے مشکل آپریشنل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے ساتھ امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے مسلسل سفر میں شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔تربت آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔