ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ ریا چکرورتی نے کہا ہے کہ آریان خان کی گرفتاری نے انہیں اپنے بھائی کی گرفتاری کے دنوں کی تلخ یادیں دوبارہ یاد دلا دی تھیں اور وہ وقت ان کے لیے انتہائی کٹھن تھا۔33 سالہ ریا چکرورتی نے ایک حالیہ گفتگو میں کہا کہ آریان خان کے خلاف قانونی کارروائی اور عوامی ردعمل دیکھ کر انہیں اپنے بھائی شووک چکرورتی کی یاد آ گئی، جنہیں بھی ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں بری کر دیا گیا تھا۔اداکارہ کے مطابق آریان اور شووک کے معاملات میں کئی مماثلتیں موجود تھیں، جس کی وجہ سے ان کے لیے ان واقعات کو دیکھنا جذباتی طور پر بہت مشکل تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے وہ دوبارہ اسی تکلیف دہ دور سے گزر رہی ہوں۔ریا چکرورتی نے اپنی گفتگو میں جیل میں گزارے گئے وقت اور اس کے نفسیاتی اثرات کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قید کا سب سے مشکل پہلو خاندان سے دوری اور مستقبل کے بارے میں غیر یقینی کیفیت ہوتی ہے، جو انسان پر گہرا ذہنی دباؤ ڈالتی ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک طویل عرصے تک وہ خود کو ایک متاثرہ فرد سمجھتی رہیں اور اس دوران شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔یاد رہے کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ریا چکرورتی کو شدید عوامی اور میڈیا تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم بعد ازاں تفتیشی ادارے نے انہیں الزامات سے بری قرار دیا۔پیشہ ورانہ مصروفیات کے حوالے سے ریا چکرورتی حال ہی میں ایم ٹی وی روڈیز ڈبل کراس میں نظر آئیں، جبکہ انہوں نے ملبوسات کے شعبے میں بھی قدم رکھتے ہوئے اپنا نیا برانڈ متعارف کرایا ہے۔