بلوچستان میں انٹیلی جنس آپریشنز، 4 دہشتگرد ہلاک، میجر وجاہت شہید

بلوچستان میں انٹیلی جنس آپریشنز، 4 دہشتگرد ہلاک، میجر وجاہت شہید

Oct 19, 2026|ویب ڈیسک



سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع گوادر اور قلات میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی پشت پناہی حاصل تنظیم ’فتنۃ الہندوستان‘ کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ پسنی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید جامِ شہادت نوش کر گئے۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اطلاعات پر ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شدی کور اور ضلع قلات کے علاقے جھٹک آباد میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشنز کیے گئے۔


پہلی کارروائی 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جھٹک آباد میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔


دوسرے واقعے میں تحصیل پسنی کے علاقے شدی کور میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی پیش قدم دستے کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنے والے 34 سالہ میجر وجاہت وحید (ساکن لاہور) مادرِ وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔


آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشتگردوں کے وجود سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز بیرونی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی بھرپور مہم جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔