ممبئی( شو بز ڈیسک)تامل فلمی دنیا کے نامور ہدایت کار اور اداکار بھارتی راجہ 84 برس کی عمر میں چنئی میں انتقال کر گئے۔ وہ عمر رسیدگی کے باعث پیدا ہونے والی صحت کی پیچیدگیوں اور سانس کی بیماری میں مبتلا تھے۔تامل فلم سازوں کی کونسل نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اداکارہ اور سیاست دان خوشبو سندر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بھارتی راجہ کی وفات تامل سنیما کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کے بقول، بھارتی راجہ کی تخلیقات آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہیں گی اور انہوں نے فلمی دنیا کو ایک گراں قدر ورثہ عطا کیا ہے۔بھارتی راجہ کو تامل سنیما میں دیہی معاشرے اور حقیقی زندگی کے مناظر کو پردۂ سیمیں پر پیش کرنے کا علمبردار سمجھا جاتا ہے۔ اپنے طویل فنی سفر کے دوران انہوں نے متعدد یادگار فلمیں تخلیق کیں اور رجنی کانت، کمل ہاسن اور شیواجی گنیشن جیسے نامور فنکاروں کے ساتھ کام کیا۔ہدایت کار کی حیثیت سے ان کا آخری کام 2023 میں پیش کی گئی مقبول سلسلہ وار ڈرامائی پیشکش "ماڈرن لو چنئی" کا ایک حصہ تھا۔