ایف سی بلوچستان کے 63 فری میڈیکل کیمپس، ہزاروں افراد مستفید

ایف سی بلوچستان کے 63 فری میڈیکل کیمپس، ہزاروں افراد مستفید

Oct 19, 2026|ویب ڈیسک



فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان نے دفاعِ وطن کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ستمبر کے دوران صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں 63 فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا۔


یہ مفت طبی کیمپس قلعہ سیف اللہ، ژوب، بادینی، شیرانی، مرغا فقیرزئی اور پشین سمیت بلوچستان کے متعدد دور افتادہ اضلاع میں لگائے گئے، جن سے مجموعی طور پر 8 ہزار 150 مریض مستفید ہوئے۔ کیمپس کے دوران شہریوں کا تفصیلی طبی معائنہ کر کے انہیں مفت علاج اور ادویات فراہم کی گئیں۔


طبی معائنے کے دوران بچوں، خواتین اور معمر افراد کی صحت و نگہداشت پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ مقامی آبادی کو عمومی حفظانِ صحت اور موسمی بیماریوں سے بچاؤ سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔


ترجمان کے مطابق بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں محروم طبقات کو دہلیز پر مفت طبی سہولیات کی فراہمی کا یہ فلاحی سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔