عالمی کپ فٹ بال 2026 کے ٹکٹوں کی دوبارہ فروخت، قیمتوں میں نمایاں کمی

عالمی کپ فٹ بال 2026 کے ٹکٹوں کی دوبارہ فروخت، قیمتوں میں نمایاں کمی

Jun 10, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)برطانوی جریدے کی رپورٹ کے مطابق فٹ بال کے آئندہ عالمی کپ 2026 کے لیے ایک لاکھ اسی ہزار ٹکٹ دوبارہ فروخت کے لیے پیش کر دیے گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میچوں کے ٹکٹوں کی طلب میں کمی کے باعث عالمی فٹ بال تنظیم کو خدشہ ہے کہ کئی اسٹیڈیم خالی رہ سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے ٹکٹوں کی دوبارہ آن لائن فروخت کے پورٹل پر قیمتوں میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران بیس فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔اطلاعات کے مطابق کئی دوبارہ فروخت کنندگان کو نقصان کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ امریکہ میں افتتاحی میچ کے چار ہزار چار سو ٹکٹ اب بھی فروخت کے لیے موجود ہیں جبکہ مجموعی طور پر سرکاری پورٹل پر ہزاروں ٹکٹ براہِ راست دستیاب ہیں۔اسی دوران نیویارک اور نیوجرسی میں ٹکٹوں کی قیمتوں سے متعلق تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ فائنل میچ کے ٹکٹ کی ابتدائی قیمت چار ہزار ایک سو پچاسی امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً گیارہ لاکھ چونسٹھ ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔سب سے مہنگے ٹکٹ کی قیمت آٹھ ہزار چھ سو اسی امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو پاکستانی روپے میں چوبیس لاکھ سے زائد بنتی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ عالمی فٹ بال تنظیم کو ٹکٹوں اور مہمان نوازی سے تقریباً تین ارب ڈالر آمدن کی توقع تھی، تاہم سعودی عرب کے میچوں کے ہزاروں ٹکٹ اب بھی دستیاب ہیں اور بعض مقامات پر یہ ٹکٹ اصل قیمت سے بھی کم نرخوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔