پنجگور: بلوچستان اسپیشل انیشی ایٹو کے 76 ترقیاتی منصوبے وقت سے پہلے مکمل

پنجگور: بلوچستان اسپیشل انیشی ایٹو کے 76 ترقیاتی منصوبے وقت سے پہلے مکمل

Oct 28, 2026|ویب ڈیسک



بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کر دی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت ضلع پنجگور میں فیز ون اور فیز ٹو کے مجموعی طور پر 76 ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت سے قبل ہی مکمل کر لیے گئے ہیں۔


حکام کے مطابق پنجگور میں مکمل کیے جانے والے ان 76 ترقیاتی منصوبوں پر 83 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔ ان منصوبوں میں اسکولوں کے نئے کلاس رومز، ڈیجیٹل لائبریریاں، صحت کے مراکز، صاف پینے کا پانی، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے، جن کا مقصد مقامی آبادی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔


دوسری جانب بی ایس ڈی آئی کے تیسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز 14 ستمبر 2026 کو کیا جا چکا ہے، جس کے لیے 60 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ فیز تھری کے تحت سوردو، چتکان، صالح آباد، گرمکان، سمسوری، کلگ، پروم، گوارگو اور بلگتر کے علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی اپ گریڈیشن اور بہتری کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔


واضح رہے کہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تینوں مراحل کے تحت پنجگور میں مجموعی طور پر 1 ارب 44 کروڑ 45 لاکھ روپے کے وسیع البنیاد ترقیاتی منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔