بھارتی ریاست منی پور میں فسادات بے قابو، 9 افراد ہلاک
**نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک):** بھارتی ریاست منی پور میں مودی سرکار کی ناقص اور ناکام پالیسیوں کے باعث بدامنی بدستور برقرار ہے اور حالات دن بہ دن مزید سنگین رخ اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ نئی دہلی سرکار خطے میں کشیدگی پر قابو پانے اور امن و امان بحال کرنے میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہی ہے۔
بھارتی جریدے 'انڈیا ٹوڈے' کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں کوکی اور ناگا برادریوں کے درمیان پھوٹ پڑنے والی تازہ جھڑپوں میں اب تک 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پانچ بچوں کی ماں اور ایک 22 سالہ خاتون کے قتل کے بعد علاقے میں تشدد کی ایک نئی لہر اٹھی۔ مسلح گروہوں کے درمیان جاری تصادم کے دوران مشتعل افراد نے کم از کم 10 گھروں کو نذرِ آتش کر دیا۔
دوسری جانب بین الاقوامی انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ منی پور میں فسادات کے مسلسل واقعات اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ مودی حکومت نہ صرف شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے بلکہ ریاست میں قانون کی عملداری قائم رکھنے میں بھی مکمل لاچار ہے۔