پاکستانی نیٹ فلکس سیریز سے بھارتی فلمی حلقوں میں تشویش بڑھ گئی
پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز کی باضابطہ ریلیز سے قبل ہی اس کی مقبولیت نے بھارتی فلمی حلقوں میں بے چینی پیدا کردی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آل انڈین سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر نیٹ فلکس پر پیش کی جانے والی پاکستانی سیریز کی نمائش روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فلمی تنظیم نے اپنے خط میں پاکستانی مواد کی نشریات پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ اس کے علاوہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور اداروں پر جرمانے عائد کیے جائیں۔تنظیم نے اپنے مؤقف میں الزام لگایا ہے کہ پاکستانی سیریز میں کام کرنے والے متعدد اداکار ماضی میں بھارت مخالف بیانات دے چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کی پہلی قسط 4 دسمبر کو نشر کی جائے گی۔دوسری جانب بھارتی میڈیا ریپبلک ٹی وی کے مطابق حال ہی میں بنگلورو میں پاکستانی ڈرامہ سیریل درِ نجات کی واچ پارٹی بھی ریاستی مداخلت کے باعث منسوخ کردی گئی تھی۔شوبز سے وابستہ شخصیات نے بھارتی فلمی تنظیم کے اس مطالبے کو ثقافتی تنگ نظری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فن اور ادب کو سیاسی اختلافات اور نفرت کی بنیاد پر محدود کرنا تخلیقی آزادی کے منافی ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی ڈراموں اور فلموں کو بھارت میں ملنے والی مقبولیت کے باوجود ان پر پابندی کے مطالبات ثقافتی تبادلے کی حوصلہ شکنی کے مترادف ہیں۔شوبز حلقوں میں یہ تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی مواد کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے تناظر میں پاکستان کو بھی اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھارتی فلموں اور شوز کی نمائش سے متعلق جوابی پالیسی پر غور کرنا چاہیے۔ تاہم اس حوالے سے کسی سرکاری فیصلے یا پابندی کا اعلان سامنے نہیں آیا۔