میانمار کے خلاف عالمی عدالتی فیصلہ، اسرائیل کی مشکلات بڑھنے کا امکان

میانمار کے خلاف عالمی عدالتی فیصلہ، اسرائیل کی مشکلات بڑھنے کا امکان

Nov 26, 2026|ویب ڈیسک

عالمی عدالتِ انصاف میں میانمار کے خلاف روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی سے متعلق کارروائی اور اس حوالے سے سامنے آنے والا فیصلہ اسرائیل کے خلاف غزہ میں مبینہ نسل کشی کے مقدمے کے لیے بھی اہم قانونی نظیر بن سکتا ہے۔ عالمی سطح پر اس پیش رفت کو ریاستوں کو نسل کشی کے جرائم پر جواب دہ بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق عالمی عدالتِ انصاف میں میانمار کے خلاف کارروائی نے نسل کشی کے الزامات پر ریاستی ذمہ داری کے تعین کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ رپورٹ میں اس پیش رفت کو اسرائیل کے خلاف مقدمے کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق 2017 میں میانمار کی ریاست رخائن میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل، تشدد اور بڑے پیمانے پر بے دخلی کے واقعات نے عالمی سطح پر شدید تشویش پیدا کی تھی۔ ان واقعات کے تناظر میں میانمار کے خلاف نسل کشی کے الزامات پر عالمی عدالتِ انصاف میں مقدمہ زیر سماعت رہا ہے۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی کو اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے مقدمے میں اہم شواہد کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق غزہ کا تقریباً 90 فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوچکا ہے، جبکہ اموات کی تعداد بھی انتہائی تشویش ناک سطح تک پہنچ چکی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ میں خوراک اور امدادی سامان کی فراہمی میں رکاوٹوں کے باعث تقریباً 14 لاکھ فلسطینی غذائی قلت کے خطرے سے دوچار ہیں۔ اسرائیلی کارروائیوں کے دوران بچوں سمیت بڑی تعداد میں شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ ہسپتالوں، طبی مراکز اور امدادی سرگرمیوں سے وابستہ عملے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔انسانی حقوق کے ماہر جیفری رابرٹسن کے مطابق میانمار کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف کی کارروائی اور اس سے سامنے آنے والی قانونی پیش رفت اسرائیل کے احتساب کے معاملے میں بھی اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے مؤقف کے مطابق یہ نظیر ریاستوں کو نسل کشی کے الزامات پر قانونی طور پر جواب دہ بنانے کی کوششوں کو تقویت دے سکتی ہے۔