سوات کے شہریوں کا نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ

سوات کے شہریوں کا نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ

Sep 26, 2026|ویب ڈیسک


سوات: ملک کے دیگر حصوں کی طرح خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں بھی شہریوں نے نئے انتظامی یونٹس اور چھوٹے صوبوں کے قیام کی پرزور حمایت کر دی ہے۔

سوات سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے ملاکنڈ ڈویژن پر مشتمل الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے علاقے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامی اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے سے دور دراز علاقوں کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہو سکیں گے اور عوام کو بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبے بننے سے عوام کو اپنے روزمرہ کے مسائل کے حل اور دفتری امور کے لیے پشاور کے طویل اور مشکل سفر کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی، بلکہ ان کے تمام معاملات مینگورہ میں ہی باآسانی نمٹائے جا سکیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تشکیل وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جس سے ملک کو انتظامی استحکام ملے گا اور عوام کو براہِ راست ریلیف حاصل ہوگا۔