پشین میں فورسز کی کارروائی، افغانستان سے اسلحہ اسمگلنگ ناکام

پشین میں فورسز کی کارروائی، افغانستان سے اسلحہ اسمگلنگ ناکام

Oct 12, 2026|ویب ڈیسک



کوئٹہ: فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور سیکیورٹی فورسز نے ضلع پشین میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔


سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 'آپریشن ردالفتنہ 3' کے تحت یہ کامیاب کارروائی ضلع پشین کے علاقے سرانان میں کی گئی۔ فورسز نے خفیہ اطلاع پر ایک گودام پر چھاپہ مار کر اسلحہ و بارود سے لدی گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ پکڑی جانے والی گاڑی سے 3 آر پی جی، 4 لائٹ مشین گنز (ایل ایم جی)، ایک مشین گن، دستی بم، راکٹس اور بھاری مقدار میں جدید گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، جو افغانستان سے منتقل کیا جا رہا تھا۔


کارروائی کے فوری بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور دہشت گرد عناصر کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔


سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے ہر دم پرعزم ہیں۔