بھارتی فورسز میں خودکشیوں کا بڑھتا رجحان، اندرونی بحران سنگین

بھارتی فورسز میں خودکشیوں کا بڑھتا رجحان، اندرونی بحران سنگین

Sep 15, 2026|ویب ڈیسک

: ذہنی دباؤ اور قرضوں سے تنگ بھارتی اہلکاروں کی خودکشیاں


بھارتی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں میں شدید ذہنی دباؤ، گرتے ہوئے مورال اور مالی پریشانیوں کے باعث خودکشیوں کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس نے فورسز کے اندرونی انتظامی ڈھانچے کی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ حالیہ واقعات نے مودی سرکار کے دعوؤں کے برعکس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ادارہ جاتی پالیسیوں پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے انتہائی اقدامات اٹھانے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ جریدے ’ڈیکن کرانیکل‘ کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے کانسٹیبل پون کمار نے مالی مشکلات اور قرضوں سے تنگ آ کر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ ادھر ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ریاست بہار کے کشن گنج کیمپ میں تعینات 24 سالہ ایس ایس بی جوان نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار لی، جبکہ اتر پردیش میں بھی قرض اور ذہنی تناؤ کا شکار 24 سالہ پولیس کانسٹیبل آشیش ورما نے ڈیوٹی کے دوران جان دے دی۔


دوسری جانب بھارتی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں (لوک سبھا) کے رکن چندر شیکھر آزاد نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2021 سے 2025 کے دوران 749 اہلکاروں کی خودکشیاں واضح کرتی ہیں کہ بھارتی فورسز کے جوان بیرونی خطرات سے زیادہ نظام کی اندرونی خامیوں سے نبرد آزما ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق بڑھتے ہوئے خودکشی کے واقعات بھارتی فورسز میں گہرے ہوتے ادارہ جاتی اور نفسیاتی بحران کا واضح ثبوت ہیں