بلوچستان میں سیاحت کا فروغ، تفریحی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے شروع
: ساحلی پٹی اور قدرتی مقامات پر سیاحتی سہولیات کی فراہمی جاری
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے میں سیاحت کے فروغ اور قدرتی تفریحی مقامات کی تزئین و آرائش کے لیے وسیع البنیاد اور انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ان منصوبوں کے تحت بولان، خضدار، زیارت اور ہرنائی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ سیاحت بلوچستان گہرام بخشی بلوچ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بالخصوص شمالی بلوچستان کے پرکشش سیاحتی مراکز پر آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لیے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی 770 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی سیاحتی اعتبار سے بے پناہ صلاحیت رکھتی ہے، جسے عالمی و قومی سطح پر متعارف کرانے کے لیے جامع اور مربوط منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹر سیاحت نے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو صوبے کے خوبصورت اور تاریخی مقامات کی سیر کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان قدرتی حسن سے مالا مال خطہ ہے۔ ماہرین کے مطابق سیاحتی شعبے کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے نہ صرف مقامی سطح پر روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پسماندہ علاقوں کی معیشت بھی مستحکم ہوگی