ممبئی:سینئر بھارتی اداکارہ، میزبان اور کالم نگار پوجا بیدی نے اداکارہ شلپا شندے کے اس اعتراف پر سخت ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جنسی ہراسانی کا ایک مقدمہ جھوٹا درج کروایا گیا تھا۔شلپا شندے نے ایک گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ معروف ڈرامے ’’بھابھی جی گھر پر ہیں‘‘ کے پروڈیوسر سنجے کوہلی کے خلاف ان کی جانب سے دائر کیا گیا جنسی ہراسانی کا مقدمہ حقیقت پر مبنی نہیں تھا۔ اس بیان کے بعد شوبز حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔پوجا بیدی کا کہنا ہے کہ متاثرین کے تحفظ کے لیے بنائے گئے قوانین کو ذاتی مفاد، انتقام یا شہرت حاصل کرنے کے لیے استعمال کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ ان کے مطابق جھوٹے الزامات بے گناہ افراد کی زندگیوں کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ حقیقی متاثرین کے لیے انصاف کی راہ بھی دشوار بنا دیتے ہیں۔اداکار، گلوکار اور مصنف کرن اوبرائے نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹے مقدمات کا سب سے بڑا نقصان حقیقی متاثرین کو پہنچتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں محض الزامات کی بنیاد پر کسی شخص کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ایسے معاملات میں مکمل چھان بین کو یقینی بنایا جائے۔