چینی سرحد پر افغان طالبان کی دراندازی، بیجنگ کی سخت وارننگ
افغانستان میں طالبان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد سرحد پار دراندازی اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات نے خطے کے ہمسایہ ممالک کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
افغان جریدے ’افغانستان انٹرنیشنل‘ کے مطابق، واخان راہداری کے ذریعے افغان طالبان اہلکاروں کی جانب سے چینی سرحد کی حدود میں دراندازی کی کوشش کی گئی، جس پر چینی سرحدی حکام نے سخت ردعمل دیتے ہوئے طالبان کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کی باقاعدہ وارننگ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے چین نے افغان سرحد پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر رکھے ہیں، جس کے تحت سرحدی گزرگاہوں پر خاردار تاریں اور جدید نگرانی کے کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ دہشت گرد عناصر کی ممکنہ دراندازی کے پیشِ نظر چین نے افغانستان کے ساتھ ملحقہ اسٹریٹجک واخان سرحدی راستہ بدستور بند رکھا ہوا ہے۔
جریدے نے مزید رپورٹ کیا کہ افغان سرزمین سے شدت پسندی اور غیر قانونی آمد و رفت کے خدشات کے باعث خطے کے دیگر ہمسایہ ممالک نے بھی اپنی اپنی سرحدوں پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات نافذ کر دیے ہیں۔