کوئٹہ میں پہلی ڈیجیٹل اسٹیل مل کا باقاعدہ آغاز، پیداوار شروع

کوئٹہ میں پہلی ڈیجیٹل اسٹیل مل کا باقاعدہ آغاز، پیداوار شروع

Oct 22, 2026|ویب ڈیسک



بلوچستان کی صنعتی ترقی میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پہلی جدید ڈیجیٹل اسٹیل مل نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔


کوئٹہ کے ایسٹرن بائی پاس انڈسٹریل زون، جہاں پہلے ہی تقریباً 300 مختلف اشیاء تیار کرنے والے کارخانے کام کر رہے ہیں، میں قائم اس اسٹیل مل کو مکمل خودکار نظام پر استوار کیا گیا ہے۔ جدید پلانٹ یومیہ 500 ٹن سریا تیار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جہاں بین الاقوامی معیارات کے عین مطابق 60 گریڈ کا اعلیٰ کوالٹی سریا تیار کیا جا رہا ہے۔


اسٹیل مل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) امین اللہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں جاری اور آئندہ کی تعمیراتی سرگرمیوں کے پیشِ نظر مقامی سطح پر ایسے جدید صنعتی یونٹ کا قیام معیشت اور تعمیراتی شعبے کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔


جدید اسٹیل مل کے فعال ہونے سے صوبے، بالخصوص کوئٹہ کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع اور نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں، جس سے مقامی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔