پشکان: نیوی اور کوسٹ گارڈز کا آپریشن، بڑی اسمگلنگ ناکام
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ساحلی علاقے پشکان میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (جے ایم آئی سی سی) کے اشتراک سے مصدقہ خفیہ معلومات پر کامیاب کارروائی کی۔ مشترکہ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں شراب اور غیر قانونی ادویات برآمد کر کے قبضے میں لے لی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ ممنوعہ اشیاء کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق، اس کامیاب جوائنٹ آپریشن نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اداروں کے مابین باہمی رابطے کی افادیت کو ثابت کیا ہے، جبکہ یہ کارروائی ملکی سمندری حدود اور زمینی راستوں کو غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک رکھنے کے لیے پاکستان نیوی اور کوسٹ گارڈز کے غیر متزلزل عزم کا واضح مظہر ہے