ٹیکسٹائل سیکٹر میں نئی چینی سرمایہ کاری، 25 ہزار نوکریاں ملیں گی
Oct 1, 2026|ویب ڈیسک
*اسلام آباد:** پاکستان میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور صنعتی توسیع کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت چین کی معروف ٹیکسٹائل کمپنی ملک میں جدید ایکسپورٹ سینٹر قائم کرے گی۔
چیلنج فیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) چن یان کے مطابق، ان کی کمپنی 2014 سے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہے اور اب تک پاکستان سے 300 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کر چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کمپنی جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس فیبرک اور ملبوسات کی تیاری کے لیے ایک وسیع فیکٹری قائم کرنے جا رہی ہے۔ اس بڑے صنعتی منصوبے سے نہ صرف مقامی سطح پر 25 ہزار سے زائد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، بلکہ سالانہ 400 ملین ڈالر سے زائد کی برآمدات کا ہدف بھی حاصل کیا جائے گا۔