افغانستان میں آزادی صحافت پر قدغن، صحافتی تنظیم کا سخت ردعم
**کابل:** افغانستان میڈیا سپورٹ آرگنائزیشن (اے ایم ایس او) نے طالبان انتظامیہ کے دور میں آزادی صحافت کے خاتمے، صحافیوں پر بڑھتے ہوئے تشدد، گرفتاریوں اور ظالمانہ سنسرشپ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔
تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان میں معلومات کے حصول پر عائد تمام پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں اور صحافیوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
اے ایم ایس او کے اعلامیے کے مطابق، طالبان حکومت کی جانب سے حقائق تک رسائی کو محدود کیا جا رہا ہے اور میڈیا ورکرز پر غیر ضروری دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ صحافیوں اور نشریاتی اداروں کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ صرف حکومتی بیانیے اور طاقتور حلقوں کے پسندیدہ مواد تک ہی محدود رہیں۔
صحافتی تنظیم کا مزید کہنا تھا کہ سخت سنسرشپ، براہِ راست مناظر دکھانے اور سیاسی و تجزیاتی پروگراموں پر پابندیوں سمیت سنگین دھمکیوں کے باعث افغانستان کا پورا میڈیا نظام عملی طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔