ڈی جی آئی ایس پی آر کی فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی میں خصوصی نشست
**راولپنڈی:** پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں طالبات اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی اور قومی امور پر کھل کر گفتگو کی۔
خصوصی نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے طالبات کے سوالات کے مدلل اور مفصل جوابات دیے۔ اس براہِ راست اور شفاف بات چیت سے طالبات کو ملکی و قومی معاملات سے متعلق زمینی حقائق کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا اور ان کے ذہنوں میں موجود متعدد ابہامات اور غلط فہمیاں دور ہوئیں۔
اس موقع پر یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا کا کہنا تھا کہ تعلیم کا مقصد محض کتابی یا نصابی معلومات تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ طالبات کی ہمہ جہت تربیت اور انہیں زمینی حقائق سے باخبر رکھنا بھی ناگزیر ہے۔
نشست کے بعد طالبات نے اپنے تاثرات میں کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے پھیلائے جانے والے گمراہ کن مواد کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر خبر اور معلومات کی تصدیق مستند ذرائع سے کی جائے۔
فیکلٹی ممبران نے جامعات اور قومی سلامتی کے اداروں کے مابین براہِ راست روابط اور مکالمے کو انتہائی اہم اور وقت کی ضرورت قرار دیا، جبکہ طالبات نے باہمی آگاہی کے لیے ایسی نشستوں کے تسلسل پر زور دیا۔