پاک فوج کی افغانستان میں فضائی کارروائی، 22 دہشت گرد ہلاک
**اسلام آباد:** پاک فوج نے افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر اور فیصلہ کن فضائی کارروائی کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق، آپریشن 'غضب لِلحق' کے تسلسل میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد گروہوں کے دو ٹھکانوں کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔ ان فضائی حملوں میں دہشت گردوں کے کیمپس اور پناہ گاہیں مکمل طور پر ملیا میٹ ہو گئیں جبکہ وہاں موجود اسلحے اور گولہ بارود کے بڑے ذخائر کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں تاکہ کسی بھی غیر متعلقہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق افغانستان بدستور دہشت گردی کا مرکز بنا ہوا ہے اور پاکستان کو لاحق سکیورٹی خطرات افغانستان سے ہی جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور اپنے شہریوں کی سلامتی کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک 'عزمِ استحکام' کے تحت آپریشن غضب لِلحق پوری قوت سے جاری رہے گا۔