کورنگی فشریز ہاربر پر جدید میری کلچر اسٹیٹ بنے گی، وفاقی وزیر
وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کورنگی فشریز ہاربر پر 100 ایکڑ رقبے پر مشتمل ’میری کلچر انویسٹمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ اسٹیٹ‘ قائم کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے، جسے ملکی بلیو اکانومی کے فروغ میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
کورنگی فشریز ہاربر کراچی میں ماہی گیری اور فشریز کی سرگرمیوں کا ایک مرکزی اور اہم مرکز ہے، جہاں اس نئے منصوبے کے تحت فش فارمنگ، ہیچریز، جدید تحقیق، پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کی سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کی جائیں گی۔
منصوبے کی باقاعدہ زوننگ کے تحت 30 ایکڑ میری کلچر زون، 20 ایکڑ ہیچری زون، 20 ایکڑ ایکوا ریسرچ پارک جبکہ 20 ایکڑ رقبہ کمرشل ڈسٹرکٹ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
مجوزہ اسٹیٹ میں جدید کولڈ چین، تجارتی سہولیات، عالمی معیار کا انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی پائیداری کے جدید نظام قائم کیے جائیں گے، جس سے نہ صرف فشریز کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور ساحلی علاقوں میں معاشی سرگرمیاں بھی تیز ہوں گی