بحری اصلاحات: ٹاسک فورس کے 85 اقدامات مکمل، محصولات میں ریکارڈ اضافہ

بحری اصلاحات: ٹاسک فورس کے 85 اقدامات مکمل، محصولات میں ریکارڈ اضافہ

Sep 15, 2026|ویب ڈیسک

: ملکی بندرگاہوں کی جدید کاری، محصولات 3 سے بڑھ کر 7 ارب روپے ہو گئے


وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کی سفارشات کے نتیجے میں ملکی بندرگاہوں کی کارکردگی، تجارتی سرگرمیوں اور کارگو کی ترسیل میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ ٹاسک فورس کی جانب سے پورٹ آپریشنز کی اپ گریڈیشن کے لیے تجویز کردہ 99 قابل عمل اقدامات میں سے 85 پر کامیابی سے عملدرآمد مکمل کر لیا گیا ہے۔


اصلاحاتی عمل کے تحت بندرگاہوں پر ڈریجنگ کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کی گئی ہے تاکہ مطلوبہ گہرائی برقرار رکھ کر بڑے بحری جہازوں کی بلاتعطل آمدورفت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں بندرگاہی محصولات کی وصولی میں غیر معمولی تیزی آئی ہے اور ریکوری گزشتہ برس کے 3 ارب روپے کے مقابلے میں بڑھ کر رواں سال 7 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔


علاوہ ازیں، بندرگاہوں پر رش کم کرنے کے لیے 2 ہزار سے زائد عرصے سے زیر التوا کنٹینرز کو آف ڈاک ٹرمینلز منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے ڈیوٹی ڈرابیک کلیمز کے 90 فیصد نظام کو آن لائن کر کے خودکار بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان سنگل ونڈو کے تحت جدید ڈیجیٹل فریم ورک کی تنصیب سے پورٹ کنجیشن کے خاتمے اور کارگو کلیئرنس کے عمل میں تیز رفتار اور شفاف پیش رفت ممکن ہوئی ہے