پاکستان میں عالمی ٹیک نمائش، ڈیجیٹل شراکت داری کا نیا سنگ میل

پاکستان میں عالمی ٹیک نمائش، ڈیجیٹل شراکت داری کا نیا سنگ میل

Sep 24, 2026|ویب ڈیسک

کراچی ایکسپو سینٹر میں 28ویں تین روزہ بین الاقوامی انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام نمائش ’آئی ٹی سی این ایشیا 2026‘ کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جو پاکستان کی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور عالمی شراکت داری کا ایک بڑا پلیٹ فارم بن چکی ہے۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے منعقد ہونے والی یہ نمائش مقامی ٹیک کمپنیوں اور عالمی سرمایہ کاروں کے مابین براہِ راست روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ نمائش میں دنیا بھر سے 350 سے زائد بین الاقوامی مندوبین، 18 ہزار 500 سے زائد اعلیٰ سطحی کاروباری شخصیات اور 75 ہزار سے زائد تجارتی شائقین شریک ہیں۔

ایونٹ میں چین، آذربائیجان، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، ترکیہ، مصر، برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ سمیت متعدد ممالک کے نمائندے موجود ہیں، جہاں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سائبر سیکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، فن ٹیک اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے متعلق جدید ترین ٹیکنالوجیز اور سلوشنز پیش کیے جا رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ نمائش ملکی آئی ٹی صلاحیتوں کو بین الاقوامی منڈیوں سے ہم آہنگ کرنے اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو نئی رفتار دینے کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہی ہے