بلوچستان میں تاریخ ساز اقدام، خواتین کےلیے پہلی کھلی کچہریاں منعقد

بلوچستان میں تاریخ ساز اقدام، خواتین کےلیے پہلی کھلی کچہریاں منعقد

Oct 8, 2026|ویب ڈیسک



**کوئٹہ:** بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے تاریخ ساز پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں فرنٹیئر کور (ایف سی) اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کے لیے خصوصی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔


صوبے کے تین اضلاع صحبت پور، سبی اور ہرنائی میں منعقد کی جانے والی ان نشستوں میں 600 سے زائد خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ کچہریوں کے دوران خواتین نے اپنے بنیادی حقوق، تعلیم، صحت، روزگار اور روزمرہ زندگی میں درپیش مختلف نوعیت کے مسائل اور چیلنجز کھل کر متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیے۔


نشستوں میں موجود متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے خواتین کے تمام جائز مطالبات اور مسائل کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے ٹھوس عملی اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے اس تاریخی اقدام کو سراہتے ہوئے اسے بلوچستان کی خواتین کے باوقار مستقبل اور حقیقی خودمختاری کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔